لیزر اپریشن کے بعد کی ہدایات

لیزر اپریشن کے بعد کی ہدایات

  1. سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شفا دینے والا اللہ تعالی ہے اِس لئے اُس سے مسلسل دُعا کرتے رہیں۔ اور جِتنا فائدہ ہوتا جائے اُتنا اللہ کا شکر ادا کرتے جائیں کیونکہ شکر کرنے اور اِحسان کی قدر کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتے ہیں اور اپنی عطاؤں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اِس سے توقع ہے کہ جلد از جلد اور مکمل شفاء مل جائے گی۔
  2. اگر آپ کو شُوگر، بلڈ پریشر، دمہ یا کوئی اور دائمی بیماری ہو تو اُس کی دوائیاں بند نہ کریں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ احتیاط سے اُس کا علاج کریں تاکہ آنکھ کے اپریشن میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
  3. اپریشن کے بعد کم ازکم ایک ہفتہ آنکھ کو عام پانی سے صاف نہ کریں۔ خصوصاً صابن یا شیمپُو آنکھ میں نہیں جانا چاہئے۔
  4. روزانہ صبح صاف روئی کو پانی میں اُبالیں؛ اُبلنے کا وقت قریباً آدھا گھنٹہ ہونا چاہئے۔ پھر اُسے ٹھنڈا کریں؛ جب نیم گرم ہو جائے تو اُس روئی سے ایک دفعہ آنکھ کو صاف کر لیں۔ بعد میں آنکھ کی صفائی کے لئے رومال وغیرہ اِستعمال کرنے کی بجائے ٹشو پیپر اِستعمال کریں اور ایک صفحہ اِستعمال کرکے پھینک دیں اُسے باربار اِستعمال نہ کریں۔
  5. مُجوّزہ قطرے اندازے سے ڈالنے کی بجائے گھڑی دیکھ کر بتائے گئے وقفے کے مطابق آنکھ میں ڈالیں۔ اِسی طرح کھانے والی ادویات کو بھی بڑی باقائدگی سے اِستعمال کریں۔ اپریشن کے بعد کے ابتدائی دن بہت ہی اہم ہوتے ہیں۔ اِس دوران دوائی کے اِستعمال میں بےاِحتیاطی یا بےقائدگی بعض اوقات کسی بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے کیونکہ نہ جراثیم کسی کا لحاظ کرتے ہیں اور نہ ہی دوائی۔
  6. آگے کو نہ جُھکنے اور وزن اُٹھانے کی کوئی احتیاط نہیں ہے۔
  7. آنکھ کو ملنے سے خصوصی پرہیز کریں۔
  8. نماز کی ادائیگی میں بالکل تعطّل نہیں آنا چاہئے البتّہ آنکھ کا دو ہفتے تک مسح کرتے رہیں۔
  9. اپریشن والے دن اور اگلے دن معمولی سُرخی، چُبھن، یا معمول سے کُچھ زیادہ پانی آنا ایک قدرتی امر ہے اِس سے نہ گبھرائیں۔ البتّہ اِن میں سے کوئی علامت بہت زیادہ ہو یا کوئی اور علامت نئے سرے سے پیدا ہو جائے یا نظر بہت زیادہ کم ہونے لگے تو فی الفور رابطہ کریں بالکل تاخیر نہ کریں۔ پہلے دو دن گھر میں آرام فرمائیں اور تیز دھوپ میں نہ نکلیں۔
  10. کھانے پینے کے حوالے سے کوئی خصوصی اِحتیاط نہیں ہے؛ البتّہ دیگر بیماریوں کے لئے جو اِحتیاطیں بتائی گئی ہیں وہ ضرور کریں۔
  11. گھر میں تڑکا لگانے یا دیگر معمول کی سرگرمیوں کو معطّل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
  12. آپ کی آنکھ میں Bandage contact lens لگائے گئے ہیں جِن کو پانچ دن بعد نکال دیا جائے گا۔
  13. قوی اُمید ہے کہ آپ کی نظر میں ایک دو دن میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی البتّہ مکمکل بہتری کے تین ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ اِس دوران میں مسلسل دوائیاں ڈلتی رہتی ہیں اور وقتاً فوقتاً آنکھوں کا معائنہ کروانا پڑتا ہے تاکہ نگرانی ہو سکے اور اگر کسی قسم کی پیچیدگی پیدا ہونے لگے تو فوراً اُسے پکڑا جا سکے۔