سفید موتیا کا علاج کیسے کیا جا سکتا ہے؟

سفید موتیا کا علاج کیسے کیا جا سکتا ہے؟

کیا اپر یشن کے علاوہ بھی کسی طر یقے سے سفید مو تیا کا علاج ممکن ہے؟ خاص طور کوئی دوائی کھانے یا آنکھ میں ڈالنے سے کیا سفید موتیا ٹھیک نہیں کیا جا سکتا؟ سنا ہے کچھ ورزشیں بھی ایسی ہیں جن سے موتیا ختم کیا جا سکتا ہے۔

بعض ایسی چیزیں یقیناً موجود ہیں جن کے ذریعے سفید موتیا کو بننے سے بچانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ اِسی طرح اگر بننا شروع ہوجائے تو اُس کی بڑھنے کی رفتار کو کم کیا جا سکتا ہے مثلاً

  • اگر عمومی صحت کو ٹھیک رکھا جائے تو موتیا بننے کے امکانات کافی کم ہو جاتے ہیں۔ جو عمر کے مطابق بننا ہوتا ہے اُس کا آغاز بھی کافی زیادہ عمر میں جا کر ہوتا ہے۔
    1. ​متوازن غذا کا استعمال۔
    2. ایسی ادویات کے استعمال میں احتیاط جن سے موتیا بننے کا خطرہ ہوتا ہے۔
    3. ایسی بیماریوں سے بچاؤ جن سے موتیا بننے کا امکان زیادہ ہو جاتا ہے مثلاً شوگر سے بچنا اور اگر ہو جائے تو بہتر طریقے سے اُس کا علاج کرنا۔
    4. موٹاپا اور کولیسٹرول کی زیادتی کی بیماری۔
    5. ورزشیں اور مضر آب و ہوا سے بچاؤ۔
  • شوگر، بلڈپریشر کی زیادتی، تھائیرائیڈ کی بیماری، دمہ جیسی بیماریوں کا صحیح طرح علاج نہ کرنے اور اِن بیماریوں کو مسلسل کنٹرول میں نہ رکھنے سے سفید موتیا پیدا ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے، اور اگر بننا شروع ہو جائے تو اِن کے اچھے کنٹرول سے اِن کے آگے بڑھنے کی سپیڈ کم ہو جاتی ہے۔
  • مختلف بیماریوں کے غیر معیاری علاج سے بچنے سے بھی موتیا سے بچا جا سکتا ہے کیونکہ بہت سے لوگوں میں یہ دوائیوں کے سائیڈ ایفکٹ کا نتیجہ ہوتا ہے۔

بعض ایسی ادویہ اب مارکیٹ میں آ گئی ہیں جن سے لینز کے گدلا پن کو صاف کرنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں اگرچہ فی الحال اِن فوائد کی توقعات بہت ھد تک خیالی ہیں۔ بہت اہم بات یہ ہے کہ اِن کا فائدہ زیادہ اُسی وقت ہوتا ہے جب ابھی موتیا کا آغاز ہوا ہو۔ اگر موتیا زیادہ بن گیا ہو تو پھر اِن ادویہ کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ اِن میں وٹامن اے، وٹامن سی، واٹمن ای، کیروٹینائیڈز، اور بعض آیوڈین کمپاؤنڈز ہیں۔ بعض دیگر ادویہ بھی ہیں۔ کئی ہومیوپیتھک ادویہ اور ہربل مرکبات سے امیدیں وابستہ کی جاتی ہیں۔

بہرحال اِس حوالے سے بہت زیادہ تحقیقات ہو رہی ہیں امید تو ہے ضرور ایسے علاج دریافت ہو جائیں گےجن سے اپریشنوں کی تعداد کم ہو جائے گی۔

میری بیٹی 6 ماہ کی ہے۔ اِس کی دونوں آنکھوں میں موتیا آ گیا ہے۔ اتنی چھوٹی عمر میں موتیا کیوں بن جاتا ہے؟ کیا اِس کا علاج اپریشن کے بغیر ہو سکتا ہے؟

چھوٹے بچوں میں زیادہ تر یہ نقص پیدائشی طور پر ہوتا ہے۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ پہلے چیک نہیں کرایا گیا اِس لئے پتہ نہیں چل سکا۔ دوسری وجہ زیادہ تر یہ ہوتی ہے کہ کسی وقت چوٹ آئی جس کی وجہ سے قدرتی لینز خراب ہو جاتا ہے۔ ضروری نہیں کہ موتیا فوری طور پر بن جائے؛ یہ چوٹ کے کُچھ عرصہ بعد بھی بن سکتا ہے۔ تیسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ بچی کسی وقت بہت زیادہ بیمار رہی ہو۔ یا تو اُس بیماری کی وجہ سے موتیا بن جاتا ہے یا پھر اُس دوران اِستعمال ہونے والی دوائیوں کے سائیڈ ایفیکٹس کی وجہ سے موتیا بن جاتا ہے۔ بعض بچوں میں کوئی اور پیدائشی بیماری ہوتی ہے مثلاً Down’s Syndrome وغیرہ جس کی وجہ سے قدرتی لینز خراب ہو جاتا ہے۔

اِس کے علاج کیلئے معائنہ کئے بغیر کوئی مشورہ ممکن نہیں ہوتا۔ کیونکہ اگر موتیا نظر پر اثر ڈال رہا ہو تو پھر تو فوری اپریشن ہی واحد حل ہے لیکن اگر نظر کو زیادہ متأثر نہ کر رہا ہو تو بچے کے بڑے ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔