Watering آنکھوں سے پانی بہنا: وجوہات ، علاج

 

آنکھوں سے پانی کیوں بہتا ہے؟  

اگرچہ آنکھوں میں پانی بہنے کی ایک اہم وجہ آنکھ کے کسی حصہ کی سوزش ہوتی ہے لیکن اگر مسلسل یا اکثر پانی بہتا ہو یہ کیفیت زیادہ تر اُس وقت ہوتی ہے جب آنکھ کو باہر سے صاف کرنے والا پانی جیسا محلول اپنا کام کرنے کے بعد ناک میں جانے میں ناکام ہو جاتا ہے اور چہرے پر بہنا شرع ہو جاتا ہے۔ کیوں ناکام ہوتا ہے اس لئے کہ اُس کی نکا سی کے را ستوں میں رُکا وٹ آ چُکی ہو تی ہے۔

آنکھوں کی صفائی کے بعد فالتو پانی کی نکاسی راستے کونسے ہوتے ہیں اور یہ نظام کیسے کام کرتا ہے؟

آنکھ کے بیرونی حصوں کی صفا ئی اور تحفّظ کے لیے اللہ تعا لٰی نے ایک شاندار نظام بنایا ہے۔ کُچھ غدود Lacrimal glands بنائے ہیں جو پا نی کی طرح کا ایک محلُول بنا تے ہیں۔ دو بڑے غدود پپوٹوں کے نیچے دائیں اور بائیں ہوتے ہیں اور باقی چھوٹے چھوٹے آنکھ کی حفاظتی جِھلّی Conjuctiva کے اندر ہوتے ہیں۔ اِن غدودوں سے نکنے والا محلول آنکھ کی صفائی اور آنکھ کی سطح کو مرطوب رکھنے کا کام کرتا ہے۔ استعمال میں آ جانے اور فضا میں بخارات بن کر اُڑ جانے کے بعد جو کافی جیسا پانی کی طرح کا محلول باقی بچ جاتا ہے وہ نا ک میں چلا جا تا ہے۔ یہی محلول آنسوؤں کی شکل بھی اختیار کرتا ہے۔ آنکھ اور نا ک کو ملا نے اور نکا سی کا کام کر نے والے نظام کو لیکریمل ڈرینیج سسٹم Lacrimal drainage system  کہتے ہیں اِس کے اجزا ذیل کی تصویروں میں آپ دیکھ سکتے ہیں: 

پانی کی نکاسی کے نظام میں خرابی کی علامت صرف پانی بہنا ہی ہوتی ہے یا کوئی اور بھی علامتیں ہوتی ہیں؟ 

جب پانی کی نکاسی کے نظام میں خرابی واقع ہو جاتی ہے تو اُس کی خرابی کی نوعیّت کے مطابق مختلف علامات پیدا ہوتی ہیں۔ کچھ کا ذکر ذیل میں کیا جاتا ہے:

  • اگر را ستہ بند ہو جائے یا اُس کا پانی کو پمپ کرنے کرنے کا نظام کمزور ہو جائے پھر پانی ناک میں جانے کی بجائے چہرے پر بہنے لگتا ہے۔
  • لیکن اگر آ نسووّں کی تھیلی یا راستے کے کسی اور حصے میں انفیکشن بھی ہو جائے تو پھر گندا مواد بننا شروع ہو جاتا ہے اور آنکھوں کے پپوٹے آپس میں جُڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔
  • ایسی صورت میں آنکھ کے قریب ناک کے اوپر دبائیں تو پیپ کی طرح کا مواد نکلتا ہے۔ 
  • کئی دفعہ آنکھ کے قریب ناک کے اوپر اُبھار بن جاتا ہے جسے گلٹی بھی کہہ دیتے ہیں۔ یہ گِلٹی بعض اوقات ددر بھی کرنے لگتی ہے۔ اِس کو دابئیں تو پیپ نکلتی ہے۔ ایسی کیفیّت میں اکثر اوقات بخار ہو جاتا ہے۔  
  • یہ پھوڑا بعض لوگوں میں پھٹ جا تا ہے۔ جب یہ مسلسل موجود رہے اور بار بار پھٹتا رہے تو اِسے ناسُور کہا جاتا ہے۔

بیماری کی کُچھ تصاویر

پانی بہنے کا علاج کیا ہو تا ہے؟

چھوٹے بچوں میں

چھوٹے بچوں میں بچوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہو تی جس میں یہ نالی بند ہوتی ہے۔ اِس کے بند ہونے کی وجہ زیادہ تر یہ ہوتی ہے کہ اِس نالی نشوونما ابھی نا مکمل ہوتی ہے اور بڑا ہونے کے ساتھ جس طرح باقی اعضاء مکمل ہوتے ہیں اِسی طرح یہ نالی بھی مکمل ہو جاجی اور خود بخود کُھل جاتی ہے۔ اِن بچوں میں کِسی اپریشن کی ضرورت نہیں ہو تی۔ اس دوران میں اُن کی آنکھوں سے پانی آتا رہتا ہے لیکن اُس کا کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ خود بخود ٹھیک ہونے کی عمر ایک سال ہوتی ہے۔ اگر ایک سال تک یہ نالی نہیں کُھلتی تو پھر کبھی بھی خود بخود نہیں کُھلے گی؛ اس کو کھولنے کیلئے اپریشن ضروری ہوتا ہے۔

  • · کئی بچوں کی آنسوؤں کی تھیلی میں انفیکشن ہو جاتی ہے جس سے آنکھ سے گندا مواد بھی خارج ہونے لگتا ہے۔ چنانچہ اگر پانی کے ساتھ ساتھ پیپ بھی آنے لگے تو پھر ایسی کیفیت میں ادویہ کا اِستعمال ضروری ہوتا ہے تاکہ سوزش ٹھیک ہو جائے اور آنسوؤں کی تھیلی میں سوزش کی کیفیت مستقل نہ پیدا ہو نے پائے۔  

  • اگر تھیلی کے اندر مستقل طور پر سوزش رہنے لگے اور دوائیوں سے ٹھیک نہ ہو تو بہتر ہوتا ہے کہ ایک سال کی عمر کا اِنتظار نہ کیا جا ئے۔ اور اپریشن کر دیا جا ئے۔  

  • اِن بچوں کی اکثریت میں چھوٹے اپریشن یعنی Probing سے مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔  

  • جِن میں اِس سے مسئلہ حل نہ ہو یا رستہ بند ہو نے کی دیگر وجُوہات میں سے کوئی اور وجہ ہو تو پھر بڑا اپریشن یعنی DCR ضروری ہوتا ہے۔ اور اکثر اوقات اپریشن کے ذریعے ایک نالی ڈال دی جاتی ہے جو کئی مہینے بعد نکالی جاتی ہے۔  

بڑی عمر کے لوگوں میں

بڑی عمر کےلوگوں میں علاج بیماری کی نوعیّت کے مطابق مختلف ہوتا ہے۔ چند صورتیں ذیل میں بیان کی گئی ہیں:

  • ایک بہت بڑی تعداد صرف دوائی کے اِستعمال سے ٹھیک ہو جا تی ہے۔
  • بہت سے لوگوں میں نکاسی کے راستے کے ابتدا ئی حصوں میں رُکاوٹ ہوتی ہے مثلاً لقوہ کے نتیجے میں یا فالج کی دیگر اشکال میں۔ اِن کی آنکھ میں پمپ کرنے کا نظام متأثر ہو جاتا ہے۔ یا نکاسی کی نالی کا منہ آنکھ سے دور رہنے لگتا ہے۔ اِن صورتوں میں متعلقہ سبب کو دُور کرنے سے پانی بہنا رُک جاتا ہے۔ اِن میں سے زیادہ تر کا علاج اپریشن سے کیا جاتا ہے۔  

  • جِن لوگوں میں نالی بند ہو اُن کی بھی ایک بہت بڑی تعداد کا چھوٹے اپریشن یعنی Probing سے مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔

  • جِن کا مسئلہ اِن طریقوں سے حل نہ ہواُن کا پھر بڑا اپریشن یعنی DCR ضروری ہوتا ہے۔  

DCR اپریشن کیا ہوتا ہے اور اِس میں اِخراج کی رُکاوٹ دُور کرنے کے لئے کیا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے؟

یہ اپریشن کیا ہوتا ہے، کسی آرٹسٹ نے سمجھانے کی کیا خوب کوشش کی ہے۔ دیکھیے اور سمجھنے کی کوشش کیجیے:   

اِس تصویر میں بتایا گیا ہے کہ اِس طرح آنکھ اور ناک کا آپس میں قریبی رشتہ ہوتا ہے۔ اِس مریض کی آنکھ ممکن ہے کینسر کے سبب نکلا دی گئی ہو۔ بہرحال اب ناک اور آنکھ میں اتنا رابطہ ہے کہ انگلی گذر رہی ہے۔ بالکل اِسی طرح DCR اپریشن میں بھی ناک اور آنکھ میں راستہ بنا دیا جاتا ہے۔ یہ قدرتی راستے کا متبادل ہوتا ہے اور پانی آنکھ سے ناک کی طرف جانا شروع ہو جاتا ہے۔ البتّہ یہ مصنوعی راستہ کبھی بھی قدرتی راستے کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ اِس کے جہاں فوائد ہیں وہاں اِس کی وجہ سے کئی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو جاتی ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ تو یہ ہے کہ بہت سارے مریضوں میں وقت کے ساتھ ساتھ یہ راستہ دوبارہ بند ہو جاتا ہے۔ یعنی اِس اپریشن میں ناکامی کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔    

اس طریقے سے آنکھ سے خارج ہونے والے فالتو پانی کو سیدھا ناک میں پہنچا دیا جاتا ہے جس سے وہ باہر چہرے پر بہنا بند ہو جاتاہے۔

 

اگرآپ اپنی یا کسے بچے کی آنکھوں سے پانی بہنے کی تکلیف سے متعلق مزید کوئی سوال پوچھنا چاہتے ہوں تو اُس کو کمنٹ کے خانے میں لکھ کر پوسٹ کر دیں انشاءاللہ انہی صفحات میں جواب دینے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی طرح اپنی رائے، تبصرہ یا تجویز کو بھی کمنٹ میں لکھ کر پوسٹ کردیں میں بہت ممنون اور مشکور ہوں گا۔

28 thoughts on “Watering آنکھوں سے پانی بہنا: وجوہات ، علاج”

    1. السلام علیکم ۔ڈاکٹر صاحب میرا بیٹا جو 4ماہ کا ہے شروع میں اس کی دونوں آنکھوں سے پانی آتا تھا اب ایک تو کافی بہتر ہے جبکہ ایک آنکھ سے ہلکا پانی اور گند ہوتا ہے ۔ہم باربار ٹشو پیپر سے صاف کرتے ہیں ۔دوائی بھی دے رہے ہیں ۔بیچ میں کچھ صحیح ہوئ پھر سے پانی اور گند ہوتا صاف کرتے کرتے اوپر سے لال ہونے لگی ۔پلیز کوئ علاج بتائیں ۔شکریہ ۔

  1. علیکم. میرا ایک بھائی ہے. جسکی عمر تقریباً 11سال ہے اسکی آنکھو ں میں سے پانی آتاہے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ جیسا جیسا بڑا ہوتا جائے گا انشااللہ پانی آنا بند ھوجائےگا. آپ سے گزارش ہے کہ کوئی مجرب عمل بتائیں کہ جلدی ٹھیک ہو جائے۔

    1. بہنے کے بارے میں میرے آرٹیکل میں تقریباً تمام مجرب نسخے لکھے ہوئے ہیں آپ اُن کا مطالعہ فرمائیں اور جو آپ کے بھائی کی کیفیت کے مطابق ہو اُسے اختیار کر لیں۔ میرا خیال ہے آپ کو کسی آئی سپیشلسٹ کو معائنہ ضرور کروانا چاہئے۔

  2. سرمیرے نام نعمان فاروق ہے میری آنکھوںسے پانی بہت بہتا ہے اور ناک سے بھی

  3. السلام علیکم سر میری چھوٹی بیٹی کی آنکھ سے پانی بہتا ہے. جب سے پیدا ہوئی ہے اس وقت سے بہہ رہا ہے. اس وجہ سے اس کی ایک بھی چھوٹی ہوتی جا رہی ہے. ڈاکٹر کہتے ہیں اکثر بچوں کے ساتھ ایسے ہوتا ہے جو اپریشن سے ہی ٹھیک ہوتا ہے. کیا اس علاج آپ بتا سکتے ہیں؟ رعمسیس اقبال تونسہ شریف ڈی جی خان

  4. ڈاکٹر صاحب السلام علیکم میری بیٹی کی آنکھ سے تقریباً 6 ماہ سے پانی آرہا ہے۔ اُس کی عمر 2 سال ہے۔ ڈاکٹر سے چیک کروایا ہے اُس نے کہا ہے کہ آنکھ سے ناک کو ملانے والی نالی بند ہے۔ اُس کو اپریشن کرکے کھولنا پڑے گا۔ کیا ہمیں یہ کروا لینا چاہئے؟

  5. میرا یہی مسئلہ ھے اور میں نے دل کا با ئی پاس اپریشن بھی کروایا ھے کیا میں اپر یشن کروا سکتا ھوں؟

    1. آنکھوں سے پانی بہنے کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں. عمومًا مائنز آپریشن سے مسئلہ حل ہو جاتا ہے. دل کی بیماری اگر دوائیوں سے کنٹرول ہو رہی ہو تو آپریشن میں رکاوٹ نہیں ہوتی.

  6. میری عمر31سال ہے میری آنکھ سے بچپن سے هی پانی اور پیپ بہتی ہے اسکا کوئی علاج بتائیں اس میں درد نہیں ہوتی

    1. آنکھوں سے گند زیادہ آتا ہے ..دن بھر صاف کرتا ہوں مگر ختم نہیں ہوتا

  7. اسلام علیکم ڈاکٹر صاحب میری بیٹی کی عمر پانچ سال ہے جب وہ کتابیں پڑھتی ہے تو اس کی آنکھوں سے پانی آتا ہے اور میں نے علاج کروایا تھا ایک مہینے تک پانی بہنا بند ہو گیا تھا لیکن اب پھر بہنا شروع ہو گیا ہے آپ کے کہنے کے مطابق ایک سال میں آنکھوں سے پانی بہنا خود بند ہوجا تا ہے تو کیا جب بچی چھے سال کی ہو جاےُ گی تو پانی بہنا بند ہو جاےُ گا یا میں دوبارہ علاج کرواوُں؟شکریا منیر حسین سعودیا

    1. منیر حسین صاحب وہ ایک سال کے اندر اندر پانی بہنے کے بند ہو جانے کی بات آپ غلط سمجھے ہیں. وہ چهوٹے بچوں کی آنکھوں کے بارے میں ہے. یہ ایسے بچے ہوتے ہیں جن کی آنکھوں سے ناک تک پانی لے جانے والی نالی ابهی نامکمل ہوتی ہے اور وہ نالی ایک سال کی عمر کے اندر اندر مکمل ہو جاتی ہے اور اس سے آنکھ سے پانی بہنا خود بخود ہی بند ہو جاتا ہے. جن بچوں کی آنکھوں سے پانی بہنا بند نہ ان کا آپریشن کرنا پڑتا ہے.
      آپ کی بچی کی تو عمر پہلے ہی 5 سال ہے. اس کی آنکھوں کا معائنہ کروائیں تاکہ تشخیص ہو کہ پانی آنے کی وجہ کیا ہے؟ پھر اس کے علاج کی سمجھ آئے گی.

  8. السلام علیکم ڈاکٹر صاحب کی دائیں ٓنکھ میں فالج ہو گیا تھا اب اُس ٓنکھ سے پانی بہتا ہے اور ٓنکھ بار بار چپکتی ہے۔ کافی علاج کروایا ہے لیکن تکلیف برقرار ہے۔ کیا آپ اِس پریشانی کو کم کرنے میں آپ ہماری مدد کر سکتے ہیں؟ شکریہ زریں خان کراچی

    1. وعلیکم السلام دیکھیں جی فالج اور لقوہ کی تکالیف کے بعد آنکھ کے پپوٹوں کے پٹھے اکثر اوقات کمزور ہو جاتے ہیں جس سے آنکھ سے پانی بہنے کی شکایت ہو جاتی ہے۔ اِس سلسلے میں اصل مدد تو تب ہی ممکن ہوتی ہے جب مریض کا معائنہ کیا جائے تاہم درج ذیل عمومی رہنمائی شاید آپ کیلئے مفید ثابت ہو:

      1. بنیادی علاج تو وہ ہے جو فالج کو صحیح کرنے کے نقطہ نظر سے کیا جاتا ہے، علیحدہ سے آنکھ کے فالج کیلئے خاص کوئی علاج نہیں ہوتا۔
      2. کم از کم چھ مہینے تو انتظار کیا جاتا ہے تا کہ پٹھوں میں خود بخود ہی بہتری آ جائے۔ اگر اتنے عرصے کے بعد بھی کافی تکلیف باقی ہو تو پپوٹے کی مرمت کے مختلف اپریشنوں میں سے کوئی حسب حال منتخب کرکے اپریشن کر دینے سے یہ تکلیف عموماً بہتر ہو جاتی ہے۔
      3. پانی کے علاوہ اگر خارش، پانی یا گندگی آنا شروع ہو جائے تو اُس کا علاج ضروری ہوتا ہے ورنہ آنکھ میں زیادہ خرابی کا خدشہ ہوتا ہے۔
  9. ڈاکـٹر صـاحب میری عمر 42 ساال ہے قریب کی نظر پچھلے 2-3 سال سے کمزور ہوئی ہے ۔ اب پچھلے 2 ماہ سے آنکھوں سے پانی نکلتا ہے ۔۔۔ مجھے آپ کوئی ڈراپز یا کوئی میڈیسن تجویز کر دیں ۔۔۔

  10. ڈاکٹر صاحب جواب دینے کا شکریہ۔ کیا اب مجھے انہی ڈاکٹر صاحب کے پاس جانا چاہئے جنھوں نے اپریشن کیا تھا یا آئی سپیشلسٹ کے پاس؟ شکریہ محمد یونس سعودیہ

    1. اگر ممکن ہو تو بہتر ہو گا کہ دونوں سے مشورہ کریں کیونکہ بہت سے مریضوں میں بطور پیچیدگی کے آنکھوں میں بھی انفیکشن ہو جاتی ہے اس لئے یہ معلوم کرنے کیلئے بھی کہ آنکھیں ابھی تک محفوظ ہیں یا نہیں اور اگر انفیکشن موجود ہے تو پھر  اُس کا علاج کرنے کیلئے بھی۔

  11. Dr. Sahib I have operation of both nastel (meat in side nose) now I have a watering in my eyes. I understand that operation is needed for this purpose. I am in Saudi Arabia now. Is their any eye drops or medicines which can be useful despite operation.
    thanks
    Mohammad Younis

    1. جہاں تک میں سمجھ سکا ہوں آپ کے دونوں نتھنوں میں گوشت بڑھ گیا تھا جس کا اپریشن ہو چکا ہے۔ اب آپ کی آنکھوں سے پانی آتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ خرابی آنکھوں کے نظام اخراج میں نہیں بلکہ ناک میں ہے اور چونکہ آنکھوں کے پپوٹوں سے شروع ہونے والی اخراج کی نالیاں جا کر نتھنوں میں کھلتی ہیں اس لئے وہاں پر ان کا منہ بند ہو جاتا ہے۔ اس کے لئے ایسی صورتحال میں عموماً آنکھوں میں قطرے ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور نہ ہی کوئی فائدہ ہوتا ہے بلکہ ناک میں قطرے یا سپرے کرنا مفید ہوتا ہے تاکہ نتھنا بھی کھل جائے اور نالی کا منہ بھی کھل جائے۔ باقی صحیح پوزیشن تو وہی ڈاکٹر بتا سکتا ہے جو آپ کے نتھنوں اور آنکھوں کا معائنہ کرے گا۔ ویسے میں گذارش کروں گا میرا آرٹیکل دوبارہ پڑھیں تاکہ میرے جواب کو سمجھنے میں آپ کو آسانی ہو۔

اگر کوئی سوال آپ پوچھنا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں۔ اپنی رائےیا تجویز سے مجھے آگاہ فرمانا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں میں انشاءاللہ جلد از جلد آپ سے رابطہ کروں گا۔