ڈی سی آر اپریشن ہونے کے بعد کی ہدایات

DCR اپریشن ہو جانے کے بعد کی ہدایات

  1. سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شفا دینے والا اللہ تعالی ہے اِس لئے اُس سے مسلسل دُعا کرتے رہیں۔ اور جِتنا فائدہ ہوتا جائے اُتنا اللہ کا شکر ادا کرتے جائیں کیونکہ شکر کرنے اور اِحسان کی قدر کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتے ہیں اور اپنی عطاٶں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اِس سے توقع ہے کہ جلد از جلد اور مکمل شفاء مل جائے گی۔ 
  2. اگر آپ کو شُوگر، بلڈ پریشر، دمہ یا کوئی اور دائمی بیماری ہو تو اُس کی دوائیاں بند نہ کریں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ احتیاط سے اُس کا علاج کریں تاکہ آنکھ کے اپریشن میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
  3. اپریشن کے بعد کم ازکم ایک ہفتہ آنکھ کو عام پانی سے صاف نہ کریں۔ خصوصاً صابن یا شیمپُو آنکھ میں نہیں جانا چاہئے۔ 
  4. جلد پر موجود زخم کی صفائی Pyodine کر کے اوپرپٹی لگایا کریں تاکہ زخم خراب نہ ہو۔
  5. اگر آنکھ  میں کُچھ مواد موجود ہو تو اُسے صاف کر لیں۔  صفائی کے لئے رومال وغیرہ اِستعمال کرنے کی بجائے ٹشو پیپر اِستعمال کریں اور ایک صفحہ اِستعمال کرکے پھینک دیں اُسے باربار اِستعمال نہ کریں۔
  6. جُھکنے اور وزن اُٹھانے کی کوئی اِحتیاط نہیں۔
  7. مُجوّزہ قطرے اندازے سے ڈالنے کی بجائے گھڑی دیکھ کر بتائے گئے وقفے کے مطابق آنکھ میں ڈالیں۔ اِسی طرح کھانے والی ادویات کو بھی بڑی باقائدگی سے اِستعمال کریں۔ اپریشن کے بعد کے ابتدائی دن بہت ہی اہم ہوتے ہیں۔ اِس دوران دوائی کے اِستعمال میں بےاِحتیاطی یا بےقائدگی بعض اوقات کسی بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے کیونکہ نہ جراثیم کسی کا لحاظ کرتے ہیں اور نہ ہی دوائی۔
  8. آنکھ کو ملنے سے خصوصی پرہیز کریں۔
  9. نماز کی ادائیگی میں بالکل تعطّل نہیں آنا چاہئے البتّہ آنکھ کا دو ہفتے تک مسح کرتے رہیں۔
  10. معمولی چُبھن اور کُچھ سُرخی ناگزیر ہے اِس سے نہ گبھرائیں، البتّہ اِن میں سے کوئی علامت بہت زیادہ ہو یا کوئی اور علامت نئے سرے سے پیدا ہو جائے یا نظر بہت زیادہ کم ہونے لگے تو فی الفور رابطہ کریں بالکل تاخیر نہ کریں۔
  11. چونکہ ہڈی توڑ کر پانی گزرنے کا راستہ بنایا گیا ہے اِس لئے کُچھ عرصہ کے لئے معمولی درد بھی محسوس ہو سکتی ہے۔ اِس صورت میں تجویز کردہ درد والی گولی کھا لیں۔
  12. اگر تھوڑا سا خون ناک یا گلے سے آئے تو اِس سے نہ گبھرائیں یہ اِنشاءاللہ بہت جلد ٹھیک ہو جائے گا۔
  13. بہت زیادہ لیٹے رہنے کی ضرورت نہیں بلکہ چہل قدمی کرنا صحت کے لئے مفید ہوتا ہے۔
  14. کھانے پینے کے حوالے سے کوئی خصوصی اِحتیاط نہیں ہے؛ البتّہ دیگر بیماریوں کے لئے جو اِحتیاطیں بتائی گئی ہیں وہ ضرور کریں۔
  15. گھر میں تڑکا لگانے یا دیگر معمول کی سرگرمیوں کو معطّل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
  16. آپ کی آنکھ پاس جلد میں جو ٹانکے لگائے گئے ہیں اُن کو عموماً ایک ہفتے بعد نکال دیا جاتا ہے۔ البتّہ وقتاً فوقتاً آنکھ کا معائنہ کروانا ہوگا تاکہ اگر کوئی پیچیدگی پیدا ہونے لگے تو فوراً اُس پر قابو پایا جا سکے۔
  17. اگر آپ کی آنکھ میں نالی بھی ڈالنی گئی ہے تو چھ مہینے تک اِس نالی کو اندر ہی رہنا ہوگا پھر نکال دیا جائے گا۔
  18. اپریشن ہونے کے کافی عرصہ بعد تک نالی کے بننے کا عمل جاری رہتا ہے، اِس دوران بعض لوگوں کی نالی کو صاف کرنے کے لئے ایک آدھ مرتبہ Syringing بھی کرنی پڑسکتی ہے۔ پریشان نہ ہوں۔ اِنشاءاللہ آہستہ آہستہ بالکل صحیح ہو جائے گا۔ 

اگر کوئی سوال آپ پوچھنا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں۔ اپنی رائےیا تجویز سے مجھے آگاہ فرمانا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں میں انشاءاللہ جلد از جلد آپ سے رابطہ کروں گا۔