بات گہری ہے ۔۔۔۔۔ ہمیں زنجیروں سمیت فروخت کر دیا گیا ہے

نیفے کی اشرفی کے مزے

محمد فاروق بھٹی 
دائیں بازو کے بڑے شاعر نعیم صدیقی کو مقلدین دستیاب نہ ہو سکے ورنہ وہ فیض سے بڑا نظریاتی تھے ۔۔۔ کہتے ہیں

ہم لوگ ابھی آزاد نہیں
ذہنوں کی غلامی باقی ہے
تقدیر کی شفقت سے حاصل؟
تدبیر کی خامی باقی ہے
سینوں کے حرم سُونے ہیں ابھی
امیدوں سے آباد نہیں
چہروں کی چمک اک دھوکا ہے
کوئی بھی جوانی شاد نہیں
چھوڑی ہیں جڑیں زنجیروں نے
ان میں سے کسی کو نوچیں تو
اعصاب تِڑخنے لگتے ہیں
آزادی سے کچھ سوچیں تو
انٙدام چٹخنے لگتے ہیں
اِن زنجیروں کو کیا کیجیے!
ہے اِن سے گہرا پیار ہمیں
ان زنجیروں کے بجنے کی
لگتی ہے بھلی جھنکار ہمیں ۔۔۔

سوچتا ہوں ۔۔۔
بات گہری ہے ۔۔۔۔۔ ہمیں زنجیروں سمیت فروخت کر دیا گیا ہے اور ہم نئے مالکوں کو خوش کرنے کیلئے پابجولاں رقصاں ہیں ۔۔۔ آزادی کے گیت بھی گاتے ہیں ۔۔۔ نظریاتی پھریرے بھی لہراتے ہیں ۔۔۔ قفس سے اتنے مانوس ہو چکے ہیں کہ دروازہ کھل جائے تو ڈر. جاتے ہیں ۔۔۔
اشرافیہ اشرفیوں کے تھیلے ہماری ہی پشت پر لاد کر کبھی سرے محل ، کبھی دوبئی اور کبھی پانامہ لے جاتے ہیں ۔۔۔
اور ۔۔۔ ہم بھی بڑے چالاک واقع ہوئے ہیں ۔۔۔ کوڑے کھاتے بھی ، گرتے پڑتے بھی ایک آدھ اشرفی اُچک کر نیفے میں اُڑس لیتے ہیں اور اپنی “چالاکی” پر شاداں و فرحاں ہیں ۔۔۔ ہمیں تو سب سُوٹ کرتے ہیں کہ ہمیں بھی واردات کا موقعہ تو دے دیتے ہیں ، دوسرا یہ کہ یہ ہمارے اپنے کالے ہیں ، انگریز تو نہیں غیرمسلم تو نہیں ۔۔۔۔۔ مسلمان ہیں ، کلمے کی عمارت والے مسلمان ۔۔۔ نماز روزے والے نہیں تو کیا ہوا ۔۔۔۔۔۔چنانچہ ہم تو منائیں گے آزادی۔
سوچتا ہوں ۔۔۔
اپنے لوگوں کی غلامی بھی بھلا کوئی غلامی ہوتی ہے ، اپنے تو اپنے ہوتے ہیں چاہے سرے محل والے ہوں یا بنی گالا والے یا پانامہ والے ۔۔۔ بُلہے شاہ کے شہر کے انقلابی شاعر عبداللہ شاکر مرحوم کے الفاظ میں
جشن منائی جاوؑ ۔۔۔ جشن منائی جاوؑ ۔۔۔
انّی انًا کھیڈ کے انّیاں مچائی جاوؑ ۔۔۔

2 Replies to “بات گہری ہے ۔۔۔۔۔ ہمیں زنجیروں سمیت فروخت کر دیا گیا ہے”

  1. السلام علیکم ڈاکٹر صاحب میں اپنے بیٹے کے بارے میں مشورہ کرنا چاہتی ہوں اس کی آنکھ کا پردہ اکھڑ گیا ہے کیا آپ اس سلسلے میں میری مدد کرسکتے ہیں؟

اگر کوئی سوال آپ پوچھنا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں۔ اپنی رائےیا تجویز سے مجھے آگاہ فرمانا چاہیں تو یہاں لکھ کر پوسٹ کر دیں میں انشاءاللہ جلد از جلد آپ سے رابطہ کروں گا۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.